ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں خستہ حال نیشنل ہائی وے پر ٹول وصول کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

منگلورو میں خستہ حال نیشنل ہائی وے پر ٹول وصول کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

Tue, 28 Nov 2017 20:25:26    S.O. News Service

منگلورو 28؍نومبر(ایس او نیوز)نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کی طرف سے لاگو کردہ کوئی بھی معیار نہ اپنانے اور نیشنل ہائی وے 66پر خستہ حالی کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں روزانہ انسانی جانوں کے اتلاف کے باوجود ٹول ٹیکس وصول کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

ہونّا کٹّے جنکشن پرکانگریس لیڈر گریش آلوا کی قیادت میں جمع ہونے والے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی محی الدین باوا نے نیشنل ہائی وے کی خستہ حالی پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایم پی نلین کمار کٹیل اس راستے سے روز انہ گزرنے کے باوجود انہوں نے اس شاہراہ کو درست کروانے اور اس کو معیاری انداز میں بحال رکھنے کے لئے کبھی کوئی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی وے کی تعمیرغیر سائنٹفک انداز میں کی گئی ہے۔جس سے روزانہ حادثات ہورہے ہیں۔

جنوبی کینرا ڈسٹرکٹ یوتھ کانگریس کے متھن رائے نے مطالبہ کیا کہ سڑک کی اس قدر بدحالی کے بعد بھی ایک مختصر فاصلے میں تین مقامات پر ٹول ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ، اس کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، اورNITKسورتکل کے پاس موجود ٹول گیٹ فوری طور پر ہٹادینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کی طرف سے ٹول گیٹس کے سامنے اس وقت تک احتجاج ہوتا رہے گا جب تک نیشنل ہائی وے کی صحیح طریقے مرمت نہیں کی جاتی۔

مظاہرین نے نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی آمد ورفت کو بند رکھتے ہوئے اس وقت تک کرکٹ کھیلا جب تک نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران نے مظاہرے کے مقام پر پہنچ کر یہ یقین نہیں دلایا کہ مرمت کے لئے 8کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں اور 15دسمبر تک ٹھیکیدار کی طرف سے مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر نیشنل ہائی وے کے انجینئر اجیت کو مظاہرین نے میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ مرمت کاکام مکمل ہونے تک ٹول گیٹس پرٹیکس وصول کرنے کا سلسلہ بند رکھا جائے ۔اورتنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔


Share: